Monday, 30 December 2024

کچھ باتیں سردیوں کی

 یخ ہوائیں، جلدی پھیل جانے والی خاموشی اور ٹھنڈی پڑھتی ہوئی ناک سردیوں کا تحفہ ہوتا ہے پر سب کو یہ پسند نہیں آتا۔ سردیوں کو بے رحم سمجھا جاتا ہے اور اس کی پھیلائی گئی اداسی سے بچنا نا ممکن ہوتا ہے۔ اگر آپ ایسا سوچتے ہیں تو یہ صرف آپ کی یا اس زمانے کی سوچ نہیں بلکہ کہیں صدیوں سے بہت سے لوگوں کی سوچ ہے۔

Winters

گریک مائتھالوجی

قدیم یونانی اساطیر میں ایک کہانی ہے ہیڈیس (Hades) اور پرسیفونی (Persephone) کی۔ ہیڈیس، جو زیر زمین سلطنت کا خدا تھا، نے پرسیفونی کو اغوا کر لیا اور اسے اندرورلڈ (Underworld) میں لے آیا۔ پرسیفونی، جو کہ ڈیمیٹر (Demeter) کی بیٹی تھی، زمین پر فصلوں اور زمین کی زرخیزی کی دیوی تھی۔ اس اغوا کے بعد، ڈیمیٹر نے اپنی بیٹی کی گمشدگی پر شدید غم اور غصے کا اظہار کیا۔ ڈیمیٹر کا غم اتنا شدید تھا کہ اس نے زمین کی زرخیزی کو روک دیا، فصلیں مر گئیں، اور زمین بے جان ہو گئی۔ یہ زمین کی سردی اور خشکی کی علامت بنی، جو سردیوں کے موسم کی ابتدا تھی، اور اس طرح سردیوں کو غم اور اداسی سے تشبیہ ملی۔

ونٹر بلیوز

کچھ لوگ سردیوں کے موسم میں ایک عجیب سی تھکن، اداسی اور بے دلی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اسے ونٹر بلیوز کہا جاتا ہے۔ اس کیفیت میں انسان کی توانائی کمزور ہو جاتی ہے، دل کسی کام میں نہیں لگتا، اور موڈ مسلسل خراب رہتا ہے۔

اگر یہ علامات زیادہ شدت اختیار کر لیں تو یہ ایک ذہنی عارضے کی شکل اختیار کر سکتی  ہیں  جسے  SAD  یعنی  Seasonal Affective Disorder کہا جاتا ہے۔ یہ عارضہ DSM (جو کہ ذہنی امراض کی تشخیص کے لیے ایک عالمی کتاب ہے) میں شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس کی ایک بڑی وجہ دماغ میں melatonin ہارمون کی مقدار میں اضافہ ہے، جو depression کا باعث بنتا ہے۔

ونٹر بلیوز کو یلو میں بدلنے کے طریقے

دنیا کے مختلف لوگ ونٹر بلیوز سے بچنے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ڈینش ثقافت میں ہِیگے (Hygge) کا تصور موجود ہے، جس میں لوگ چھوٹی چھوٹی، گرم جوش اور خوشی دینے والی چیزوں کو انجوائے کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا تصور ہے جس میں آرام دہ ماحول بنانے اور زندگی کی سادہ خوشیوں کو محسوس کرنے پر زور دیا جاتا ہے، جیسے کہ چائے پینا، موم بتی جلانا، یا اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنا۔ جاپانی ثقافت میں شِنرِن-یُوکُو (Shinrin-Yoku) ہے، جس کا مطلب ہے "جنگل میں غسل" یعنی قدرتی ماحول میں وقت گزارنا تاکہ ذہنی سکون حاصل کیا جا سکے۔ اسی طرح، ناروے جیسی جگہوں پر جہاں سردی کم وقت کے لیے آتی ہے، وہاں لائٹ تھراپی کا استعمال بھی کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے بچایا جا سکے۔ لائٹ تھراپی میں روشن روشنی میں وقت گزارنا شامل ہوتا ہے تاکہ قدرتی روشنی کے کمی کو پورا کیا جا سکے اور دماغی سکون اور خوشی میں اضافہ کیا جا سکے۔ یہ تمام طریقے  ہمیں  دکھاتے  ہیں کہ دنیا بھر میں لوگ سردیوں کے موسم میں اپنے ذہنی سکون اور خوشی کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف ثقافتی طریقے اپناتے ہیں۔

سانٹا کلاز

سانٹا کلاز کا سردیوں سے گہرا تعلق ہے۔ چاہے ہم کسی بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں، آرٹ یا لٹریچر کی وجہ سے سانٹا کلاز سے ہم سب واقف ہیں۔ سانٹا کلاز اصل میں ایک چوتھی صدی کے عیسائی پادری تھے جن کا نام سینٹ نکولس تھا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ بہت فیاض اور مہربان انسان تھے۔ اپنے امیر والدین کے انتقال کے بعد، انہوں نے اپنی جائیداد کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کیا۔ 6 دسمبر کو ان کا انتقال ہوا، اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ اچھے دل والے انسان "سانٹا کلاز" کے طور پر مشہور ہو گئے۔

نکولس کی سخاوت اور فیاضی کی وجہ سے ان کی شخصیت ایک ایسے شخص کے طور پر مشہور ہو گئی جو غریبوں کو تحائف دیتا اور ان کی مدد کرتا تھا۔ وقت کے ساتھ، مختلف ادبی اثرات اور اشتہارات کے ذریعے سانٹا کلاز کا تصور ایک سرخ سوٹ پہنے، خوش مزاج، داڑھی والے شخص کے طور پر ابھرا جو تحائف تقسیم کرتا ہے۔

نیٹرلینڈز میں انہیں "سینٹرکلاز" کہا جاتا ہے، جبکہ اٹلی میں انہیں "بابو ناتالے" کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اختتامی خیالات

وقت کے ساتھ سردیوں کے موسم سے بہت سی علامتیں اور کہانیاں جڑ چکی ہیں، لیکن میرے لیے سردی ہمیشہ پسندیدہ رہی ہے۔ یہ موسم اپنی خاموشی اور سکون کے ساتھ خاص ہے، جو ان لوگوں کو بے حد عزیز ہوتا ہے جنہیں تنہائی اور خاموشی سے محبت ہے۔ اگر یہ خاموشی آپ کو خوفزدہ کرتی ہے، تو شاید آپ اپنے اندر کی آواز سننے سے گریزاں ہیں اور خود کو دنیا کے شور میں کھو دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں، ایک دن ایسا ضرور آئے گا جب آپ اپنی ذات سے روبرو ہوں گے، اور پھر یہ خاموشی آپ کے لیے خوف کا باعث نہیں بلکہ سکون کا ذریعہ بنے گی۔

اگر آپ کو وقت ملے، تو اسی کیفیت کو بیان کرتا میرا افسانہ "سرد شب کی سرگوشیاں" ضرور پڑھیں۔ یہ سردیوں کی اس پراسرار خاموشی اور انسان کے اندرونی جذبات پر روشنی ڈالتا ہے۔

No comments:

Post a Comment

کتاب کا جائزہ: "مالہ" از نمرہ احمد — شفا کا ایک سفر

 نمرہ احمد صرف ایک مصنفہ نہیں، بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ایک متحرک شخصیت ہیں۔ ان کی آراء اکثر کتابوں سے ہٹ کر معاشرتی اور دینی معاملات میں بھی ...